پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبے سے جو پیسے مانگے ہیں اس کو بانی پی ٹی آئی کی ملاقات سے مشروط کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بعد میں ہوگا کہ وفاق کو رقم ادا کرنی ہے یا نہیں۔ خیبرپختونخوا میں بجٹ پاس نہ کرنے کا مطلب یہ تھا کہ آپ نے اپنی حکومت کا خاتمہ کر دیا ۔
راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ملک میں قائم جبر کا نظام اتنی جلدی پیچھا چھوڑتا دکھائی نہیں دیتا۔ خیبرپختونخوا حکام کی وفاقی وزیرِ خزانہ سے ملاقات صرف فاٹا میں معاہدوں کے برعکس عائد کیے جانے والے ٹیکسز کے معاملے پر تھی، اس کے علاوہ بجٹ یا کسی اور موضوع پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ وفاق نے جو عالمی قرضے لیے ہیں ان کا سود ادا کرنے کے لیے صوبوں سے پیسے مانگے جا رہے ہیں، صوبوں کو اپنے اخراجات میں سے کٹوتی کر کے رقم وفاق کو دینا ہوگی۔






















