استحکام پاکستان پارٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھر پور حصہ لینے اور اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا ۔
پارٹی اجلاس میں سیکرٹری جنرل آئی پی پی میاں خالد محمود، صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی، جہاں آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں انتخابی حکمتِ عملی پر مشاورت کے بعد سفارشات پارٹی صدر عبدالعلیم خان کو پیش کر دی گئیں۔
پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں آئی پی پی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ میاں خالد محمود اور رانانذیر احمد خان نے کہا کہ پنجاب کی 12 مہاجر نشستوں پر بھی مضبوط امیدوار لائیں گے۔
اجلاس میں شعبہ خواتین سمیت تمام پارٹی عہدیداروں کو آزاد کشمیر کے لئےانتخابی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ سیکریٹری جنرل و صوبائی صدر آئی پی پی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بعد کشمیر کی وادیوں میں عقاب کی بلند پرواز ہو گی۔
پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ عوام ہر جگہ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان اور پارٹی منشور پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔ میاں خالد محمود اور رانا نذیر احمد خان نے کہا کہ کشمیر میں کامیابی سے استحکام پاکستان پارٹی کو ملک گیر جماعت بنائیں گے۔
اجلاس میں پارٹی صدر عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا اور حالیہ کامیابیوں پر مبارکباد کی قرارداد بھی منظور کی گئی ۔






















