امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران نے اعلیٰ ترین سطح کے جوہری معائنے قبول کرنے پر مکمل اتفاق کر لیا ہے، ایران کی جوہری معائنوں کی منظوری جوہری شفافیت کو یقینی بنائے گی۔
صدر ٹرمپ کا کہناتھا کہ اگر ایران معائنوں پر رضامند نہ ہوتا تو مزید مذاکرات ممکن نہ تھے، ایران کی بڑی رعائتوں کے بعد آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے پر اتفاق کیا گیا، آبنائے ہرمز میں مزید بحری ناکہ بندی جاری نہیں رکھی جائے گی، ضرورت پڑنے پر دوبارہ ناکہ بندی کیلئے تمام بحری جہاز اپنی پوزیشن پر موجود رہیں گے،ناکہ بندی کی بحالی کا امکان اس وقت انتہائی کم دکھائی دیتا ہے، امریکی وزارتِ خزانہ سے جاری فنڈز ایسکرو اکاؤنٹ میں رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کےلیے جاری کی جانے والی رقوم امریکہ کے کنٹرول میں رہیں گی، فنڈز صرف خوراک اور طبی سامان کی خریداری پر خرچ کیے جائیں گے، ایران کےلیے مکئی، گندم اور سویا بین امریکی کسانوں سے خریدے جائیں گے، ایران کو خوراک اور طبی سامان کی شدید ضرورت ہے، ایران اس وقت ایک انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے،بہت دیر ہونے سے پہلے ایران کی مدد کرنا ضروری ہے، امریکہ اور ایران کےدرمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، ایران کے ساتھ معاہدے کی پیش رفت امریکی قومی مفادات کے مطابق ہے۔






















