قطر میں گیس پروسیسنگ پلانٹ میں آتشزدگی کے واقعہ میں بعض پاکستانی باشندوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم پاکستانی دفتر خارجہ کا کہناہے کہ ابھی تک 3 پاکستانی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق دوحامیں پاکستانی سفارتخانے نے تصدیق کیلئے قطری حکومت سے رابطہ کر لیاہے، مقامی میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی اور ہندوستانی باشندے شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمیونٹی ارکان سے بھی معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اب تک کمیونٹی ارکان کی طرف سے 3 پاکستانیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے،قطری حکومت کی طرف سے سرکاری طور پر ابھی کوئی معلومات نہیں ملیں،قطری حکومت سے مصدقہ اطلاعات ملنے پر حتمی معلومات فراہم کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ قطر کے راس لفان انڈسٹریل سٹی میں ایل این جی گیس انفرااسٹرکچر میں ہونے والے دھماکے سے 13 افراد جاں بحق اور 66 زخمی ہوگئے۔
قطری وزیر توانائی کے مطابق دھماکا ایک حادثے کا نتیجہ تھا کوئی تخریب کاری نہیں ہوئی، وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ اس سے پہلے قطری وزارت داخلہ نے بتایا کہ دھماکے کے بعد مضر صحت مواد کا اخراج نہیں ہوا اور آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔






















