امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کسی دھمکی کا جواب نہیں دیں گے یہ توقع نہیں کی جاسکتی، لبنان کے معاملے میں بھی پیشرفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے ڈی وینس کا کہناتھا کہ جنگ بندی کی چھوٹی موٹی خلاف ورزیاں ہونگی ان کو سفارتی ذرائع سے سنبھالنا ہے، اگر کشیدگی ہاتھ سے نکل گئی تو یہ سب کیلئے نقصاندہ ہوگی، کامیاب حتمی معاہدے کی بنیاد ہم نے ڈال لی ہے، تکنیکی مذاکرات آنے والے دونوں اور ہفتوں میں جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں بہت اہم پیشرفت ہوئی ہیں، ایران آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو واپس بلانے پر راضی ہے،آبنائے ہرمز باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ اسرائیل کا جنوبی لبنان پر قبضہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اسرائیلی فوج حزب اللہ کی وجہ سے جنوبی لبنان میں ہے، ہم اسرائیلیوں اور لبنانیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ایران کے منجمد اثاثے وہاں کے عوام پر خرچ ہوں، ایرانی منجمد اثاثوں کی بحالی پہلے امریکا اور پھر قطر کی منظوری سے ہوگی، بحال کیے گئے اثاثوں سے ایران امریکا سے غلہ اور دیگر ضروری اشیا خریدے گا، ایران کے بحال ہونے والے اثاثوں سے امریکی کسانوں کے پاس دولت آئے گی۔





















