برطانوی پولیس نے 10 سالہ بچی سارہ شریف کے مبینہ قتل کیس میں والد سمیت تین افراد پر فرد جرم عائد کر دی۔
خیال رہے کہ سارہ شریف کے قتل میں مطلوب اسکے والد ، چچا اور سوتیلی ماں پاکستان سے فرار ہوگئے تھے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کے مطابق سارہ شریف کا والد عرفان اشرف ، سوتیلی ماں بینش اور چچا فیصل دیگر بچوں کے ساتھ 9 ستمبر کو پاکستان آئے اور 13 سمتبر کو واپس برطانیہ بھاگ گئے۔
— Federal Investigation Agency - FIA (@FIA_Agency) September 14, 2023
مانچسٹر انٹر پول نے پاکستان انٹرپول کو پورے خاندان کے پاکستان پہنچنے کی اطلاع دی تھی اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ملزمان دیگر بچوں کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔
انٹرپول مانچسٹر کی فراہم کردہ اطلاعات پر جہلم پولیس نے 5 بچوں کو تحویل میں لے کر عدالتی حکم پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالےکردیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے واپس برطانیہ فرار ہونے کی اطلاع برطانوی حکام کو دی گئی جس پر برطانوی پولیس نے ملزمان کو لندن میں گیٹ وک ائیر پورٹ پر اترتے ہی گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق سارہ کے والد، سوتیلی والدہ اور چچا کو قتل کیس میں ملزم ٹھہرایا گیا ہے اور تینوں پر قتل، اقدام قتل اور سارہ کو مرنے کے لئے چھوڑ دینے کے الزمات عائد کئے گئے ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ سارہ کی والدہ کو تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔