مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں آتشزدگی کے نتیجے میں 10 مسافروں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ایک انسپکٹر کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل بالسبب، تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق ڈرائیور گاڑی کو تیز رفتاری اور غفلت سے چلا رہا تھا کہ گاڑی پھسل کر نالے میں جا گری۔ نالے میں گرنے کے بعد گاڑی حفاظتی دیوار میں پھنس گئی جس کے باعث اس کے دروازے نہ کھل سکے۔
ایف آئی آر کے مطابق گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور مسافر بروقت باہر نہ نکل سکے، جس کے نتیجے میں 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 5 بچے بھی شامل تھے۔
مقدمے میں مزید بتایا گیا ہے کہ حادثے میں 7 بچوں سمیت 16 مسافر جھلس کر زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق 10 مسافروں کی ہلاکت کا سبب بننے والا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔




















