پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو سنوارا ہے، عوام انتخابات میں واضح اکثریت دیں تا کہ پاکستان کو معاشی خود انحصاری ملے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متفقہ قومی معاشی منشور ہی ملک کو مسائل کے دلدل سے نکال سکتا ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات میں کامیابی ملی تو نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے معاشی منشور پر عمل کریں گے، چارٹر آف اکانومی کی تجویز قائد حزب اختلاف کے طور پر دی تھی جس پر آج پوری قوم متفق ہوچکی ہے، بیانات سے نہیں پالیسی اور اقدامات سے معیشت بحال اور عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کے لئے حصہ لے رہے ہیں، عوام مہنگائی سے نجات اور معاشی خوشحالی چاہتے ہیں ، تاریخ گواہ ہے کہ عوام کومہنگائی سےنجات صرف مسلم لیگ دلاتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم روزگار مہیا کریں گے اور غربت کا خاتمہ کریں گے، برآمدات میں اضافہ کر کے معاشی پائیداری یقینی بنائیں گے، بجٹ خسارا کم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم زرعی انقلاب لائیں گے، صنعت، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں مثالی ترقی ہوگی،دو ہزار ارب روپے کے زرعی پیکج نے معاشی بہتری اور زرعی شعبے کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، کاروبار میں آسانی لاکر سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا ہے۔