سوشل میڈیا انفلوئنسر ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے ون وے پر تیزی سے بھگا دی۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ گاڑی کا تعاقب کرنے پر ملزم نے پولیس اہلکاروں کی گاڑی کو ٹکر مارنے کی کوشش بھی کی۔
ڈیفنس سی پولیس نے ٹریفک پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے، غیر معیاری نمبر پلیٹس لگانے اور غیر قانونی طور پر نیلی یا سبز بتی استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔




















