امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل فوری طور پر ایک دوسرے پر حملے روکیں۔
سوشل میڈیا پر ایک مختصر پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور اسرائیل فوری طور پر جھڑپیں روکیں۔
ایک اور بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران فوری جنگ بندی کے خواہاں ہیں، امن کے حوالے سے حتمی مذاکرات جاری ہیں، کوئی رکاوٹ نہ ڈالی گئی تو امن معاہدے کی طرف پیش رفت جاری رہے گی۔ حتمی معاہدے تک آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی پوری قوت سے جاری رہے گی۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اسرائیل کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیاہے اور دونوں ممالک سے حملے روکنے کا مطالبہ کر دیاہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ ایران کے ساتھ حتمی معاہدے کے بہت قریب ہیں،ڈیل پر دستخط ہونے والے تھے لیکن پھر یہ سب ہوگیا،نہیں چاہتا کہ کشیدگی مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرے۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حالیہ ایرانی حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور امید ظاہر کی کہ اسرائیل مزید جوابی کارروائی سے گریز کرے گا تاکہ سفارتی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کا تبادلہ بند نہیں ہوا،وزیردخلہ محسن نقوی کے دورے کا مقصد ثالثی سے متعلق امور میں مدد فراہم کرنا تھا۔ پاکستان ایران اور امریکا کے درماین اہم ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔





















