لاہور میں شدید گرمی کے بعد اچانک موسم نےکروٹ لے لی،شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی،کالی گھٹاؤں کے باعث دن کے وقت ہی رات کا سماں بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں، جبکہ آسمان پر گہرے بادل چھائے رہے۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی،آئندہ چند گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نےملک کے بیشتر علاقوں میں بھی آج بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے،کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ،ایبٹ آباد،کالام اور سوات میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے،مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال اور اٹک میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم رہنے جبکہ شام کے وقت چند مقامات پر ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔






















