کراچی میں گرفتار مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پنکی سے 700 سے 800 افراد کوکین خریدتے تھے، اس کے 100 سے 150 مستقل کوکین خریدار تھے جن میں شوبز شخصیات اور سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق منشیات کے نیٹ ورک کے مرکزی کردار سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ زیرِ حراست ملزم ذیشان، انمول عرف پنکی کے اکاؤنٹس اور مالی معاملات سنبھالتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے رابطے میں رہنے والا ایک پولیس اہلکار تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں نہیں آسکا۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق ملزمہ سے برآمد ہونے والی منشیات کی فرانزک رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے جبکہ مزید شواہد کی روشنی میں نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کا 6 رکنی گینگ کراچی کے پوش علاقوں اور تعلیمی اداروں میں سرگرم تھا اور مختلف طریقوں سے منشیات کی سپلائی کی جاتی تھی۔
تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔



















