وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کیلئے گوادر پورٹ پر ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد، انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد کمی کردی گئی۔
وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز بھی 31 فیصد تک کم کردیئے، جنرل کارگو کیلئے 5 دن کے بجائے ایک ماہ کی مفت اسٹوریج سہولت متعارف کرادی گئی۔ ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ دیگر قومی بندرگاہوں کے مقابلے گوادر پر ریکارڈ مراعات دے رہے ہیں، گوادر کو علاقائی لاجسٹکس مرکز بنانے کی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ نئے ٹیرف سے شپنگ لائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ گوادر بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ میں اضافہ اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔
چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ ٹیرف میں کمی سے بلوچستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے، نئے ٹیرف اسٹرکچر سے سمندری تجارت کو فروغ ملے گا۔





















