وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے ایران اور امریکا کے ساتھ رابطے جاری ہیں، پاکستانی قیادت امن معاہدہ کرانے میں کامیاب ہوجائے گی ۔
سماء کے ڈپٹی بیوروچیف بہزاد سلیمی سے گفتگو میں وزیر پارلیمانی امور کا کہناتھا کہ پاکستان میں ایران امریکا مذاکرات کے پہلے دور کا تسلسل ختم ہوا تھا ،پاکستان کی ثالثی کا تسلسل برقرار ہے ،پاکستان کے ایران اور امریکا کے ساتھ رابطے جاری ہیں ،پاکستانی قیادت ہی واحد قیادت ہے جو ثالثی کی کوششوں کو کامیاب بنائے گی ،پاکستانی قیادت ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ کرانے میں کامیاب ہو جائے گی ۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایرانی اور امریکی قیادت کے دورہ پاکستان کی تاریخ دینا ابھی قبل ازوقت ہوگا ،اگلے چند دنوں میں ایران امریکا جنگ کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا ،بہت سارے معاملات طے ہوچکے ، اختلافی نکات پر بات چیت جاری ہے ،جیسے ہی اختلافی نکات طے ہوتے ہیں امن معاہدہ ہوجائے گا ،دونوں ممالک کا معاہدہ انشااللہ پاکستان میں ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکا کو اپنی تجاویز بھیجی تھیں ،امریکا نے پاکستان کے ذریعے ایران کو جواب دیا ہے ،وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پرخلوص کاوشیں پوری دنیا کے سامنے ہیں ،آج امریکا ہر روز پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا نام لے کر تعریف کرتا ہے ،پاکستان کی ثالثی کے نتیجہ میں کافی سارے معاملات طے ہوچکے ہیں ۔





















