قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی ملاقات ہوئی ہے۔ انتخابی مفاہمت اور اتحاد و اتفاق کی سیاست پر تبادلہ خیال کیا گیا گلگت بلتستان میں سیاسی مفاہمت کو آئندہ ملاقاتوں کے ذریعے مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان اور قائد ملت جعفریہ اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد نقوی کے درمیان اہم ملاقات میں گلگت بلتستان کے انتخابی حلقوں میں ممکنہ مفاہمت، سیاسی تعاون اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتحاد و اتفاق کی سیاست کو موجودہ حالات میں ناگزیر قرار دیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں سیاسی مفاہمت کو آئندہ ملاقاتوں کے ذریعے مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال، ممکنہ انتخابی منظرنامے اور مختلف حلقوں میں سیاسی امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں اچھی اور صاف ستھری قیادت کو سامنے لانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ترقی اور بہتری کے لیے بھرپور وسائل موجود ہیں جبکہ قدرتی حسن سے مالا مال گلگت بلتستان کو پاکستان کا سوئٹزرلینڈ بنایا جا سکتا ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے عبدالعلیم خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ معاملات کو افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے آگے بڑھایا جائے گا۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے وفود نے بھی شرکت کی اور سیاسی تعاون، انتخابی رابطوں اور مشترکہ کاوشوں پر گفتگو کی۔
استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے میاں خالد محمود، رانا نذیر احمد خان اور شعیب صدیقی شریک ہوئے جبکہ اسلامی تحریک پاکستان کی جانب سے شبیر احمد میثمی، عارف حسین واحدی، زاہد علی اخون زادہ اور سید سکندر عباس اجلاس میں موجود تھے۔
ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان گلگت بلتستان کے ابتدائی انتخابی امور پر باضابطہ اجلاس بھی ہوا جس میں مختلف انتخابی حلقوں اور ممکنہ سیاسی تعاون کے نکات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی پی پی اور اسلامی تحریک پاکستان کے درمیان جاری رابطے آئندہ دنوں میں مزید اہم پیش رفت کا سبب بن سکتے ہیں۔






















