علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی کے زیرِ اہتمام 3 روزہ ہائی ٹیک گیمنگ ایونٹ ایکسٹریم 2026 کا شاندار آغاز ہو گیا، جس نے ٹیکنالوجی اور ای اسپورٹس کے شوقین نوجوانوں کو ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے چیئرمین جنید بلند اور وزیر اعلیٰ سندھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر چیئرمین گورننگ باڈی علیگڑھ انسٹیٹیوٹ اور چانسلر سر سید یونیورسٹی محمد اکبر علی خان، کنوینیر علیگڑھ انسٹیٹیوٹ سید محمد محسن کاظم نقوی اور پرنسپل شاہد جمیل اور چیئرمین بی ایس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر کاشف شیخ بھی موجود تھے۔ معزز مہمانوں نے مختلف ایی اسپورٹس مقابلوں، جدید گیمنگ سیٹ اپس اور ٹیکنالوجی پر مبنی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
چیئرمین سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی جنید بلند نے اپنے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور اسٹیوٹا نوجوان ٹیلنٹ کو ہر میدان میں اگے لانے کے لیے پر عزم ہے نوجوان ہی ہمارے روشن پاکستان کا مستقبل ہیں انکا کہنا تھا کہ ایکسٹریم جیسے ایونٹس ہمارے نوجوانوں کو مثبت سرگرمی ڈیجیٹل اسکلز اور جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
انھوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یہ تین روزہ ایونٹ نوجوانوں کو ہائی ٹیک گیمنگ ارٹیفیشل انٹیلیجنس روبوٹکس اور ڈیجیٹل سپورٹس کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرے گا۔
کنوینیر علیگڑھ انسٹیٹیوٹ سید محمد محسن کاظم نقوی کا کہنا تھا کہ ایکسٹریم 2026 کا مقصد نوجوانوں کو ایک مثبت، جدید اور تخلیقی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔
پرنسپل علیگڑھ انسٹیٹیوٹ شاہد جمیل نے اس موقع پر کہا کہ ہم طلبہ کو صرف تعلیمی میدان تک محدود نہیں رکھتے بلکہ انہیں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل دنیا میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ یہ ایونٹ نوجوان ٹیلنٹ، مثبت سرگرمیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی ایک اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔





















