اسلام آباد میں چوروں پر نظر رکھنے والے سیف سٹی کے کیمرے خود چوری ہونے لگے۔ فیض آباد میٹرو اسٹیشن سے چہرہ شناخت کرنے والا کیمرا غائب ہو گیا۔
تھانہ انڈسٹریل ایریا میں سیف سٹی کے کوآرڈینیٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ ایف آئی آر کے مطابق کیمرا ٹیسٹنگ کے مقصد کیلئے نصب کیا گیا تھا جو 19 اپریل کو اچانک آف لائن ہو گیا۔ ٹیکنیکل ٹیم کے موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ کیمرا اپنی جگہ پر موجود نہیں تھا۔
مزید تحقیقات میں بیک اپ فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تو ایک نامعلوم شخص کیمرے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا نظر آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ویڈیو میں ملزم کی تصویر واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کی تلاش کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس سے قبل تھانہ کھنہ کی حدود سے بھی ایک کیمرہ چوری ہوا تھا جس کا سراغ آج تک نہیں لگایا جا سکا۔






















