امریکا نے اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر ضبط کیے گئے ایرانی کنٹینر جہاز ایم وی توسکا کے 22 اہلکاروں کو پاکستان منتقل کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عملے کو آج ایرانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ افراد گزشتہ رات پاکستان پہنچے۔ ایرانی جہاز کو بھی ضروری مرمت کے بعد پاکستانی سمندری حدود میں واپس لا کر اس کے اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا۔ اس تمام عمل کو امریکا اور ایران دونوں کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایسے اعتماد سازی کے اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔





















