پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستان کے سابق اوپننگ بیٹسمین سلمان بٹ ، سابق وکٹ کیپر کامران اکمل اور سابق فاسٹ باولر راو افتخار انجم کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ تعینات کر دیا ہے ۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ تینوں افراد فوری طور سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ،جن میں 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ان کا پہلا اسائنمنٹ ہو گی، یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں اسکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔
سابق کپتان سلمان بٹ نے 33 ٹیسٹ 78ون ڈے انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں 11 سنچریوں کی مدد سے 5209 رنز اسکور کیے ہیں، وہ بھی کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم کی طرح 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔
کامران اکمل نے 53 ٹیسٹ، 157 ون ڈے انٹرنیشنل اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 6871 رنز بنائے ہیں اور وکٹوں کے پیچھے 453 کیچز و اسٹمپڈ کیے ہیں، وہ 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔
راؤ افتخار انجم بھی 2009 کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے، وہ ایک ٹیسٹ 62 ون ڈے اور2 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں اور 78 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔