عیدالاضحیٰ کی تیاریاں، اسلام آباد میں 6 عارضی مویشی منڈیاں تقریباً 35کروڑ روپے میں نیلام، پہلی بار منڈیوں میں کیش لیس نظام متعارف کرا دیا گیا۔
سی ڈی اے کےمطابق سیکٹر آئی ٹویلو کی مویشی منڈی بیس کروڑ روپے میں نیلام ہوئی۔ سنگجانی منڈی 6 کروڑ 25 لاکھ اورضیاء مسجدمویشی منڈی 5 کروڑ روپےمیں دی گئی،سلطانہ فاؤنڈیشن کےمقام پرقائم منڈی ڈھائی کروڑ،جاپان روڈ منڈی 62 لاکھ اور بھارہ کہو مویشی منڈی 61 لاکھ روپےمیں نیلام کی گئی۔
حکام کےمطابق گزشتہ سال کےمقابلے میں نیلامی کی مجموعی رقم میں تقریباً 120 فیصد اضافہ ہوا، نیلامی کے عمل میں 104 بولی دہندگان نے حصہ لیا۔
حکام کا کہنا ہےکہ اس بار مویشی منڈیوں میں پہلی مرتبہ کیش لیس نظام نافذ کیا گیا جس کا مقصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے،غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔






















