گلگت بلتستان عام انتخابات کے معاملے پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس دوران سات جون کے جی بی انتخابات میں ہر سیٹ پر امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آئی پی پی ٹکٹوں کا فیصلہ کرنے کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا گیا ۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے گلگت بلتستان عام انتخابات کیلئے انتخابی بورڈ کے ممبران کی منظوری دے دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی ٹکٹوں کا فیصلہ کرنے کیلئے پارلیمانی بورڈ کا جلد اجلاس بلایا جائے گا ۔ اجلاس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ممکنہ امیدواران اور ان کے سیاسی لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا ۔
آئی پی پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام آئی پی پی کے منشور کے ساتھ ہیں ، عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی اکثریت حاصل کرے گی ، بہتر فیصلوں کےذریعے گلگت بلتستان کو سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے، دیگر صوبوں کی طرح زندگی کی بنیادی سہولیات گلگت بلتستان کے عوام کا بھی حق ہے ۔
اجلاس میں آئی پی پی امیدواران کے اپنے اپنے علاقوں میں سیاسی اثرورسوخ کا جائزہ لیا گیا، طے پایا کہ پارٹی امیدواروں کی حتمی منظوری استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی بورڈ دے گا ، اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری آئی پی پی میاں خالد محمود ، صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان ، صدر استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈویژن ملک زمان نصیب اور میاں تیمور خالد بھی موجود تھے ۔





















