یوکرین نے کریمیا میں روس کا جدید ترین فضائی دفاعی سسٹم تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے مقبوضہ کریمیا میں روس کا جدید ترین فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا ہے۔
یوکرین کے انٹیلی جنس ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ کیف کی سیکیورٹی سروس ( ایس بی یو ) اور بحریہ نے کروز میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے یوپاتوریا کے قریب روسی تنصیب پر حملہ کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو فوٹیج میں روس کے زیر قبضہ جزیرہ نما شہر کے قریب آگ اور دھواں دیکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ماسکو نے ابھی تک اس دعوے پر براہ راست کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرینی آپریشن میں ریڈار کا سامان نکالنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا گیا پھر فضائی دفاعی میزائل لانچروں کو نشانہ بنانے کے لیے کروز میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے یوکرینی میڈیا نے بتایا کہ دھماکے مقامی وقت کے مطابق تقریباً 05:40 منٹ پر ہوئے اور فوجی اڈے کے قریب دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔
قبل ازیں جمعرات کو کریمیا میں متعدد دھماکوں کی اطلاع ملی۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین کریمیا میں قابض افواج کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر رہا ہے، بدھ کو روس کے بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر سیواستوپول کی بندرگاہ پر بھی ایک بڑا حملہ کیا گیا تھا۔
یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی بحریہ کے دو جہازوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
روسی حکام نے بتایا کہ حملے میں 10 میزائل استعمال کیے گئے جس سے مبینہ طور پر 24 افراد زخمی ہوئے۔