کابینہ ڈویژن نے اسلام آباد میں جمعرات اور جمعہ کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، غیرملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہوں گے، ریڈزون اور اطراف میں راستے ماسوائے سرکاری گاڑیوں کے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں آج سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ موجودہ چار روزہ ورک ویک کے تحت جمعہ دس اپریل کو بھی چھٹی ہوگی۔ تمام افسران ورک فرام ہوم کریں گے، سرکاری دفاتر کے تمام افسران اور اسٹاف ممبرز شہر سے باہر نہیں جاسکیں گے۔ وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ بھی بند رہے گی۔ الیکشن کمیشن میں بھی دو روز تعطیل ہوگی۔ غیرملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری بھی جاری کر دی۔
ترجمان کے مطابق غیرملکی وفود کی آمدورفت کی وجہ سے سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہیں۔ شہری ریڈ زون اور اس کے اطراف غیرضروری سفر سے اجتناب کریں۔ ایکسپریس ہائی وے پر ڈائیورشنزلگائی جائیں گی۔ اسلام آباد میں آج سے ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔




















