وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اراکین کو امریکا، ایران کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں پر اعتماد میں لیا۔ کابینہ ارکان نے قومی سلامتی، سفارتی حکمت عملی اور قیادت کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں جنگ بندی کرانے پر یوم تشکر منانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے ایران ،امریکا مذاکرات کے حوالے سے حکمت عملی طے کر لی گئی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے اور دنیا کو آگ کے شعلوں سے بچا کر پُر امن بنانا ہے، پاکستان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کا وقار بلند کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو امریکا،ایران مذاکرات کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے، عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی میں تبدیل کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔





















