پاکستان سپر لیگ 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف صرف 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ حیدر علی نے 26 اور مارک چیپ مین نے 24 رنز بنائے۔
اس سے قبل راولپنڈی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز اسکور کیے۔ کامران غلام 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ڈی این فوریسٹر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف، رچرڈ گلیسن اور سلمان ارشاد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث اسپنرز کو زیادہ مدد نہیں ملتی اور ایسی صورتحال میں ہدف کا تعاقب کرنا نسبتاً آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں کے باوجود گراؤنڈ کو کھیل کے قابل بنانے پر گراؤنڈ اسٹاف قابلِ تعریف ہے اور وہ پی ایس ایل کے اصل ہیروز ہیں۔
شاداب خان نے بتایا کہ سلمان مرزا اور اینڈریو گاؤس آج کے میچ میں شرکت نہیں کر رہے۔
دوسری جانب کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم اور شائقین کی توقعات ہمیشہ زیادہ ہوتی ہیں، تاہم امید ہے کہ ٹیم جلد کامیابی کی راہ پر واپس آئے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نسیم شاہ کی جگہ جلاد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔





















