بائیومیٹرک سسٹم رائج ہونے کے باوجود غیرقانونی موبائل فون سمز کے اجرا کا سلسلہ بند نہ ہو سکا ۔ جعلی سازوں کے نت نئے طریقوں کے توڑ کیلئے پی ٹی اے کا بھی نیا سیکیورٹی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ ۔ اب انگلیوں کے نشانات کے ساتھ صارف کے چہرے کی تصدیق کے بعد ہی سم جاری ہوا کرے گی ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے اب سموں کے اجرا کے لئے جدید سیکیورٹی فیچرز متعارف کروانے جا رہا ہے ۔ جس کے تحت صارفین کی شناخت کے لئے نہ صرف انگلیوں کے نشانات بلکہ چہرے کی تصدیق بھی لازمی قرار دی جائے گی ۔حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ بائیومیٹرک نظام کے باوجود جعلساز سلیکون سے تیار کردہ جعلی انگلیوں اور فنگر پرنٹس کے ذریعے سم حاصل کر لیتے ہیں ۔ بعض عناصر دوسروں کی شناخت چوری کر کے بھی غیرقانونی سمز جاری کروا رہے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے نے فیشل ویری فکیشن نظام کو جلد از جلد نافذ کرنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ نئے نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے تاکہ سم رجسٹریشن کا عمل مزید محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ چہرے کی تصدیق کو لازمی قرار دینے سے جعلی فنگر پرنٹس کے ذریعے سموں کے اجرا کا راستہ بند ہوگا اور ایک فول پروف نظام کے ذریعے دہشت گردی، فراڈ اور دیگر جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔






















