بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کو لوٹ لیا گیا۔ لاہور کے علاقے گلبرگ میں پیٹرولنگ آفیسر بن کر گاڑی سوار ملزموں نے یاتریوں کو روکا اور تلاشی کے بہانے بیگ چھینا اور فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آئی سکھ فیملی ایم ایم عالم روڈ پرخریداری کےلیے پہنچی تھی۔ پیاروں کے لیے شاپنگ کی اور گرو دوارے ڈیرہ صاحب واپس لوٹنے لگے توایک گاڑی میں سوار پولیس اہلکاروں نے روک لیا ۔ کوائف چیک کروانے کا ڈرامہ رچایا اور خاتون سکھ یاتری کا بیگ جھپٹا مار کر فرار ہو گئے۔
دوسرے دیس سے آئے مہمانوں کے ساتھ واردات کی اطلاع متعلقہ پولیس کو ملی تو جائے وقوع پر تفتیشی ٹیموں کا رش لگ گیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز منظرعام پرآئیں تو ملزمان کا حلیہ اور گاڑی کا نمبرواضح ہو گیا۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سکھ یاتریوں سے ہونیوالی واردات پر آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورکو ملزمان کی گرفتاری کے لیے صرف 48 گھنٹوں کی مہلت دے دی۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے بہت قریب ہیں۔ جلد گرفتار کرلیں گے۔