پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگز مین کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
226 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں صاحبزادہ فرحان نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کے علاوہ سٹیو سمتھ نے 20 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ شان مسعود نے 29 رنز بنائے اور عرفات منہاس 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس شکست کے ساتھ حیدرآباد کنگز کو پی ایس ایل میں مسلسل تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔
حیدرآباد کنگز کی جانب سے معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 62 رنز اسکور کیے، جبکہ شرجیل خان نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب نے 27 اور عثمان خان نے 25 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ٹرنر، نواز اور سڈل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ میں فاسٹ بولر شہزاد گل مہنگے ثابت ہوئے، جنہوں نے 4 اوورز میں 60 رنز دیے، جبکہ ان کے آخری اوور میں 30 رنز بنے۔
حیدرآباد کنگز کی ٹیم میں شرجیل خان اور محمد علی کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ حماد اعظم اور عاکف جاوید کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کے مطابق نئے کمبی نیشن کے ساتھ مضبوط آغاز کی کوشش کی جائے گی، جبکہ شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔





















