وزارت آئی ٹی نے پاکستان میں 5Gسروس کے نفاذ سے متعلق روڈمیپ پارلیمان میں پیش کر دیا، ملک بھر میں دس سال کے دوران چار مراحل میں فائیو جی کا نفاذ مکمل کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں 2035تک 40 شہروں میں فائیو جی سروس کی فراہمی کا ہدف رکھا گیاہے ، پہلے مرحلہ میں 2028 تک اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 5جی کا آغاز ہوگا ، دوسرے مرحلہ میں 2028 سے 2030 تک 10 شہروں میں 5 جی کی توسیع ہو گی ۔
دستاویز کے مطابق تیسرے مرحلہ میں 2030 سے 2032 تک مزید 10 شہروں میں 5جی کا پھیلاؤ ہو گا ، دوسرے اور تیسرے مراحل کے دوران ہر صوبے سے کم از کم 2 شہروں میں فائیو جی کو توسیع ملے گی ، چوتھے مرحلہ میں 2032 سے 2035 تک مزید 15 شہروں میں 5جی کا پھیلاؤ ہوگا، ہر صوبے سے کم از کم 2 شہروں میں پھیلاؤ ہو گا ، موبائل کمپنیوں کیلئے ہرسال فورجی اور فائیو جی کی ایک ہزار سائیٹس قائم کرنا لازم ہے۔





















