خیبرپختونخوا حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت کی طرف سے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کٹوتی کی اطلاع ملی۔ ہم اس فیصلے پر وفاقی حکومت کو نظرثانی کی درخواست کریں گے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے صوبے کے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب کٹوتی کی اطلاع ہے۔ جس میں ساڑھے 6 ارب سابق فاٹا کے بھی شامل ہیں۔ پہلے نو ماہ کے دوران 65 ارب میں سے صرف 16 ارب روپے ہی وصول ہوئے۔
مزمل اسلم نے کہا ہم سمجھ سکتے ہیں کہ جنگ کی وجہ سے معاشی حالات بہت خراب ہیں۔ البتہ ترقیاتی بجٹ نہیں کاٹنا چاہئے تھا، وہ پہلے ہی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔ اگر اتنی ہی مجبوری تھی تو وزیراعظم اور ایم ایم اے فنڈ کی کٹوتی کرلیتے۔ ضرورت تھی تو وفاقی حکومت دو بڑے صوبوں سے تعاون مانگ لیتی۔۔ ضم شدہ علاقے کے پیسے کاٹنے سے وہاں غیریقینی مزید بڑھے گی۔




















