جامعہ پنجاب کے شعبہ فلم اینڈ براڈکاسٹنگ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر لبنی ظہیر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر لبنی نے انہیں شعبہ فلم کی تعلیمی و تحقیقی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو شعبہ میں جاری تدریسی سرگرمیوں، تعمیراتی منصوبہ جات اور تحقیقاتی امور سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شعبہ فلم میڈیا کی تعلیم کے فروغ کے لیے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے جبکہ طلبہ میں تخلیقی اور تنقیدی صلاحیتوں کو بھی فروغ دے رہا ہے۔
ڈاکٹر لبنیٰ نے مزید بتایا کہ فلم ڈیپارمنٹ مستقبل میں انڈسٹری اور اکیڈمیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بڑھانے اور طلبہ کو عملی میدان میں بہتر مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دے رہا ہے تاکہ نوجوان جدید میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں فلم اور میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے شعبہ فلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اعلی تعلیمی ادارے ایک ذمہ دار اور باصلاحیت افرادی قوت کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت فلم اینڈ براڈکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے گی۔






















