بانی پی ٹی آئی سے آج بھی کسی فیملی ممبر اور وکیل کو ملاقات کی اجازت نہ ملی البتہ جیل مینوئل کے مطابق بانی اور ان کی اہلیہ کی ملاقات کروا دی گئی۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے علیمہ خانم،نورین نیازی،سلمان اکرم راجا ،نعیم پنجھوتہ اور فتح اللہ برکی گورکھپور ناکہ پہنچے، اہلخانہ اور پارٹی رہنما پولیس کے روکنے پر چند کارکنان کے ہمراہ پیدل فیکٹری ناکہ تک آئے ۔ دوبارہ پولیس کے روکنے پر قریب خالی پلاٹ میں بیٹھ گئے۔ ملاقات کا مقررہ وقت ختم ہونے تک کسی فیملی ممبر یا وکیل کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
بشرٰی بی بی کی بھی اہلخانہ سے ملاقات نہ ہو سکی۔ البتہ جیل انتظامیہ نے مینوئل کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشرٰی بی بی کی ملاقات کروا دی۔ ملاقات کانفرنس روم میں پچیس منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات میں بانی کی صحت، آنکھ کے تیسرے پروسیجر اور بچوں سے عید پر ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سمیت عدالتی کیسز پر گفتگو کی گئی۔




















