وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پشاور میں کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی تجویز منظور کرلی ۔ اس سلسلے میں نجی کمپنی کی تجویز کو شفافیت اور مسابقت کے لیے مارکیٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کا دسواں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیرخزانہ مزمل اسلم ، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریزاورپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کےدیگرارکان بھی بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
بریفنگ میں بتایاگیاکہ منصوبے کے تحت پشاورمیں شمشتولینڈ فل سائٹ پر میٹریل ریکوری اور پروسیسنگ فیسلٹیز قائم کی جائیں گی۔ مزید بتایا گیا کہ منصوبہ گرین ہاوس گیسوں کے اخراج میں کمی اور ماحول دوست ویسٹ مینجمنٹ میں معاون ثابت ہوگا جبکہ لینڈ فل سائٹ پر کچرے کے ذخیرے میں کمی اور ماحولیاتی بہتری بھی متوقع ہے۔
شرکاکو آگاہ کیا گیا کہ صوبائی دارالحکومت پشاورمیں منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز تک توسیع دی جائے گی۔وزیر اعلی سہیل خان نے کہا کہ کچرے کو توانائی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ پشاور میں جدید اور پائیدار ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کی بنیاد بنے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف ماحول کے لیے مفید بلکہ معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔





















