جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مستونگ حملے کے پیچھے عالمی قوتیں ملوث ہیں اور ان ہی قوتوں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو پاکستان پر مسلط کیا۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ آج حافظ حمد اللہ کے قافلے پر حملہ ہوا ہے ، الحمدللہ وہ اور ان کے رفقاء سب محفوظ رہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوئے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی شہیدوں ، غازیوں اور مجاہدین کی جماعت ہے، ہم ان قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان بزدلانہ حملوں سے ہماری تحریک باز نہیں آئے گی اور نہ ہی ہم اپنے نظریے کی سودا بازی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ، جمعیت علماء اسلام ریاست کی پالیسی کو آگے بڑھائے گی اور منصوبے کی حمایت کرتی ہے، سی پیک کو سپورٹ کرنا ہمارا جرم سمجھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ان بزدلانہ حملوں سے خوف زدہ نہیں ہوگی ، تاجروں سے اپیل ہے کہ وہ مستونگ واقعے کے خلاف کل شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے بھیک مانگ رہے ہیں، بجلی اور گیس کا ریٹ آئی ایم ایف تعین کر رہی ہے۔