بلوچستان حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تعلیمی ادارے 9 مارچ سے 23 مارچ تک بند رہیں گے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نقل و حرکت اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے باعث عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے باوجود داخلہ مہم، ڈیجیٹل مردم شماری اور شیڈول امتحانات جاری رہیں گے۔
متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔






















