وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نےکہا ہے افغانستان میں درست انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہے ہیں ، پاکستان نے افغانستان میں کسی بھی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا ۔
غیرملکی جریدوں کے نمائندوں سے گفتگو میں عطااللہ تارڑ کو کہنا تھا ہم افغانستان میں صرف اور صرف دہشت گردوں کے ڈھانچے اور معاون نظام کو ہدف بنا رہے ہیں ۔ افغان طالبان رجیم کے خیالی اعداد و شمار کسی سنجیدہ تبصرے کے بھی قابل نہیں ۔ ترجمان افغان وزارت دفاع کا کامیابیوں کا دعویٰ محض پروپیگنڈا ہے ۔ وزیر اطلاعات نے افغان طالبان رجیم اور اقوام متحدہ کے مشن کی شہریوں کی ہلاکتوں کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کابل میں قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی کی معلومات کا مکمل انحصار طالبان حکومت پر ہے ۔ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد مل کر حملے کر رہے ہیں جو دونوں کے درمیان گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے ۔ افغان طالبان رجیم کے تمام حملوں کا فوری اور مؤثر انداز میں جواب دیا گیا ۔ پاکستان نےدہشت گردوں ، ان کےمعاونین اور افغان رجیم کے فوجی اڈوں کو درست نشانہ بنایا ۔






















