وفاقی وزارتوں، آئینی اور خود مختار سرکاری اداروں میں کفایت شعاری پالیسی معاملے میں مونیٹائزیشن کے باوجود افسران کی جانب سے سرکاری گاڑیوں اور مفت فیول کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے افسران کو کفایت شعاری پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور وفاقی وزارتوں و ماتحت اداروں کے شعبہ ٹرانسپورٹ کے مکمل آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے لیے فیول کی مد میں جاری کیے جانے والے بجٹ اور اس کے استعمال کا بھی مکمل آڈٹ کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی، سینیٹ اور وزیراعظم آفس میں بھی خلاف ضابطہ سرکاری گاڑیوں کے استعمال کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ کابینہ ڈویژن سمیت دیگر سرکاری اداروں میں بھی سرکاری گاڑیوں کے استعمال کا معاملہ سامنے آ یاہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری گاڑیوں اور فیول کی مد میں جاری کیے گئے بجٹ کی تفصیلات وزارت خزانہ سے طلب کر لی گئی ہیں ۔






















