قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر فخر زمان بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ حالیہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے جس کے باعث وہ دورہ بنگلا دیش میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
فخر زمان اپنی فٹنس کی بحالی کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی صحت کے عمل سے گزریں گے، جہاں ماہر ٹرینرز اور فزیوتھراپسٹ ان کی نگرانی کریں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کی مکمل اور محفوظ واپسی کو ترجیح دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان قومی کرکٹ ٹیم 9 مارچ کو ڈھاکا پہنچے گی جہاں 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ تمام میچز شیر بنگلا نیشنل سٹیڈیم میں 11،13 اور15 مارچ کو شیڈول ہیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان میں قومی ٹیم نے سلمان علی آغا کی قیادت میں ٹی 20 سیریز 0-3سے جیتی تھی۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی ون ڈے سکواڈ میں چند نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کر رہی ہے تاکہ مستقبل کے لیے مضبوط کمبی نیشن تیار کیا جا سکے۔
بعض سینئر کھلاڑیوں کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی اور سفری انتظامات کا بھی مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم فی الحال سیریز شیڈول کے مطابق منعقد ہونے کا امکان ہے۔





















