اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کے نتیجے میں ایران میں اب تک 787 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں جنہیں ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے تاہم ایران کی جانب سے اسرائیل اور دیگر خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران کے صدارتی آفس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیاہے اور کہا کہ ہماری ایئرفورس نے ایران کے صدارتی کمپاؤنڈ اور ایک سینئر ایرانی کمانڈر کو نشانہ بنایا، صدارتی آفس اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل پر متعدد بم گرائے، تہران میں ایک عسکری ٹریننگ سنٹر پر بھی حملہ کیا گیا۔
قطر
ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران نے قطر کو میزائل حملوں سے پیشگی آگاہ نہیں کیا تھا، ایرانی طیاروں کو قطری حدود میں داخل ہونے پر مار گرایا گیا، ایرانی لڑاکا طیارے دوحہ کی جانب بڑھ رہے تھے، ابھی تک طیاروں کے پائلٹوں کو تلاش کررہے ہیں، قطر نے ثابت کردیا کہ ہمیں دھماکایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر موساد کے سیلز کی موجودگی کا علم نہیں، ایران کے ساتھ فی الحال کوئی بات چیت نہیں ہورہی، انٹرسیپٹرز کا ذخیرہ کم نہیں ہوا، ہمارے دفاع کیلئے کافی ہیں۔
قطر انرجی نے بعض مصنوعات کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، قطر انرجی نے کہا کہ یوریا، پولیمر، میتھانول اور ایلومینیم کی پیداوار روک دی ہے ۔
آرامکو
سعودی آرامکو نے آبنائے ہرمز کے متبادل راستوں پر غور شروع کر دیاہے ، ،برآمدی تیل کو پائپ لائنوں کے ذریع بحیرہ احمر تک پہنچانا بھی پلان میں شامل ہے۔
کویت
کویت نے امریکی سفارتخانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکی سفارتخانے پر حملہ عالمی قوانین کے خلاف ہے، ہمیں اپنی خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کا حق حاصل ہے۔
بحرین
بحرینی حکام کا کہناہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 73 میزائل تباہ کیے، ایران سے داغے گئے 91 ڈرونز بھی مار گرائے ہیں۔
پروازیں
جنگ کے آغاز سے اب تک 12 ہزار پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، ہزاروں مسافر مشرق وسطیٰ کے ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، پیر کے روز بہت محدود تعداد میں پروازیں اڑان بھریں۔
روس
روس نے ایران کے ایٹمی بجلی گھر کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیاہے ، سربراہ روسی ایٹمی ادارہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بو شہر کے نیوکلیئر پاور پلانٹ کو لاحق خطرات بڑھ رہے ہیں، روس کی مدد سے بو شہرنیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر 2011 میں مکمل ہوئی تھی۔





















