جناح اسپتال کراچی کے کچن سے مریضوں کو غیرمعیاری کھانا کھلائے جانے کا انکشاف، نگران وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سیکریٹری صحت نے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) باقر نے چند روز قبل جناح اسپتال کا دورہ کیا جہاں ان کے علم میں آیا کہ مریضوں کو غیر معیاری کھانا دیا جارہا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکریٹری صحت سندھ نے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیکریٹری صحت سندھ تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، کراچی یونیورسٹی شعبہ فوڈ سائنس کے چیئرمین، ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی، چیف ڈرگ انسپکٹر اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق کمیٹی اسپتال کچن، کھانے پینے کی اشیاء کا معائنہ اور ملازمین کے بیانات قلمبند کرے گی، اگر غفلت سامنے آئی تو کمیٹی ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی تجویز کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی 7 دن میں رپورٹ سیکریٹری صحت اور سیکریٹری نگران وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرے گی۔