ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کےقافلے پر فتنہ الخوارج کا بزدلانہ حملہ،فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج ہلاک،جبکہ لیفٹننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کیا گیا،گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو اگلے دستے نے بروقت روک لیا، خودکش حملہ آور کو بروقت روک کر بنوں شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔
آئی ایس پی آرکےمطابق آپریشن کےدوران فائرنگ کےتبادلےمیں 5 خوارج کو ہلاک کردیاگیا،خوارج نے بوکھلاہٹ میں بارود سے بھری گاڑی اگلے دستےکی گاڑی سے ٹکرا دی،گاڑی تباہ ہونے سے لیفٹننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ مانسہرہ کے رہائشی لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی عمر 43 سال تھی، شہید لیفٹننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اگلے مورچوں پر قیادت کے لیے معروف تھے،شہید سپاہی کرامت شاہ کی عمر 28 سال تھی، ضلع پشاورکے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق فتنہ الخوارج افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہیں،فتنہ الخوارج ماہ مقدس رمضان کے تقدس کی بھی پامالی کر رہے ہیں،اس امر کی واضح دلیل ہے کہ فنتہ الخوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
صدر،وزیراعظم اوروفاقی وزیرداخلہ نےحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں،فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رہیں گے اور قوم کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے بڑے نقصان کو روکا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا کہ کرنل شہزادہ گل فراز نے جرات و شجاعت کی تاریخ رقم کی اور جان دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم ہمیشہ ان عظیم قربانیوں کی مقروض رہے گی۔




















