سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر آڈیو لیک کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی،عدالت نے وارنٹ معطل کرتے ہوئے سماعت چھ اپریل تک ملتوی کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کےخلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت ہوئی،جس میں ان پراورشریک ملزم اسد فاروق پرفردجرم عائدکردی گئی۔علی امین گنڈاپور اپنے وکیل راجہ ظہورالحسن ایڈوکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نےکیس کی سماعت کی۔ عدالت نےملزم کےوارنٹ گرفتاری معطل کرتےہوئےاشتہاری کی کارروائی بھی ختم کر دی۔
دوران سماعت عدالت نے استفسارکیا کہ آپ عدالت میں پیش نہیں ہوتے رہے، جس پر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال اور کرفیو کے باعث پیش نہیں ہو سکا، جبکہ چھاپوں کے دوران ان کے موبائل فون بھی لے لیے گئے تھے،عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس میں پیش ہونا ضروری ہے، صرف پراسیکیوشن کے کہنے پر سزا نہیں ہو سکتی، جبکہ فرد جرم عائد نہ ہونے کے باوجود کیس طویل عرصے سے زیر سماعت رہا۔
علی امین گنڈاپور کےوکیل نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی جس پرعدالت نےوارنٹ منسوخ کرتے ہوئے آئندہ باقاعدگی سے پیش ہونےکی ہدایت کی،عدالت نےقراردیاکہ اگرآئندہ ایسی صورتحال ہوتو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جائے۔ عدالت نے آڈیو لیکس کیس کی مزید سماعت چھ اپریل تک ملتوی کر دی۔




















