پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد دو سال کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز فیڈریشن کے سابق صدر نے عماد بٹ پر پابندی عائد کی تھی۔
سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ وہ ہاکی کی بحالی اور مضبوطی کیلئے پرامید ہیں۔ ٹیم منیجمنٹ کو نئے سرے سے منظم کیا جائے گا۔ کھلاڑی مکمل طور پر تربیت اور میچز پر توجہ مرکوز کریں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فیڈریشن کی نئی قیادت کیلئے شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔ تمام فیصلوں میں شفافیت اور انصاف کو ترجیح دی جائے گی۔
محی الدین وانی نے کہا کہ ہاکی کی عظمت کو دوبارہ قائم کرنا ہوگا۔ تمام ادارے قومی کھیل کی بحالی کیلئے ہم آہنگ ہیں۔ گورننس میں بہتری اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے کھلاڑیوں کی مکمل حمایت کو یقینی بنایا جائے گا۔





















