توشہ خانہ کیس میں فوجداری ٹرائل کے خلاف درخواستوں سمیت سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے 13 مقدمات کی سماعت پیر کو ہوگی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال پر مشتمل بینچ کیسز سنے گا۔
سپریم کورٹ میں مقرر ہونے والے کیسز میں بانی تحریک انصاف اور بشری بی بی کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کی فوجداری شکایت کیخلاف اپیل پر بھی سماعت ہوگی۔
سابق وزیراعظم کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور نیب مقدمات کی سماعت بھی آج ہوگی۔ القادر ٹرسٹ کیس میں بانی کی ضمانت کے خلاف نیب اپیل جبکہ سائفر کیس میں بانی اور شاہ محمود قریشی کی بریت کیخلاف اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر ہے۔
نو مئی واقعات پر لاہور کے مقدمات میں بانی کی ضمانت کےخلاف سرکار کی اپیل جبکہ ہتک عزت کیس میں شہباز شریف کے خلاف بانی کی اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں۔ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے تمام متعلقہ فریقین اور وکلا کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔





















