معروف اداکارہ و گلوکارہ میگھا نے کہا ہے کہ بسنت پنجاب کی قدیم ثقافت، رنگوں اور خوشیوں کی خوبصورت علامت ہے جو لوگوں کو باہم جوڑنے اور زندگی میں خوشگوار لمحات پیدا کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔
اداکارہ میگھا نے کہا کہ بسنت محض پتنگ بازی تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مکمل ثقافتی تہوار ہے جس میں روایات، موسیقی، خاندانی میل جول شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں بسنت کے دنوں میں ایک خاص جوش و خروش دیکھنے کو ملتا ہے جو اس تہوار کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے،بسنت کے موقع پر شہر کی فضا رنگ برنگی پتنگوں، زرد لباس اور روایتی پکوانوں سے مزید حسین ہو جاتی ہے۔
اداکارہ میگھا نے کہا کہ بسنت کے دوران انسانی جانوں کا تحفظ سب سے اہم ہے اور پتنگ بازی کے دوران قانون و حفاظتی ضابطوں پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ڈور اور خطرناک سرگرمیوں سے اجتناب کر کے ہی اس تہوار کو محفوظ اور خوشگوار بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بسنت کے دوران سکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کو سراہتے ہوئےکہا کہ اجتماعی ذمہ داری کے تحت تعاون کیا جائے تو بسنت ایک بار پھر مثبت اور خوشیوں بھرا تہوار بن سکتی ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بسنت کو ذمہ داری اور شعور کے ساتھ منائیں، قانون کی پاسداری کریں اور اس تہوار کی اصل روح یعنی محبت، خوشی اور ثقافتی ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔
اداکارہ میگھا نے کہا کہ بسنت پاکستان کی ثقافتی پہچان ہے جسے محفوظ انداز میں مناتے ہوئے دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے۔




















