آئندہ سال حج کیلئے عازمین سے درخواستوں کی وصولی کل (منگل 27 نومبر) سے شروع ہوجائے گی جو 12 دسمبر تک جاری رہے گی، 2024ء میں 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کریں گے، زائد درخواستیں موصول ہونے پر قرعہ اندازہ ہوگی، خواتین پہلی مرتبہ بغیر محرم حج ادا کرسکیں گی۔
پاکستانی عازمین حج کیلئے خوشخبری، آئندہ سال کیلئے بینک کل سے حج درخواستیں وصول کریں گے، سرکاری اسکیم حج درخواستوں کی وصولی 27 نومبر سے 12 دسمبر تک جاری رہے گی، آئندہ برس تقریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کریں گے۔
مزید پڑھیے : حکومت نے عازمین حج کیلئے اضافی سہولیات پیکج کا اعلان کردیا
رپورٹ کے مطابق تاریخ میں پہلی بار خواتین محرم کے بغیر حج ادا کرسکیں گی، مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔
حج 2024ء کیلئے اسپانسرڈ شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا، اسکیم کے تحت درخواستیں ڈالرز کے ہمراہ بیرون ملک سے جمع کرانی ہوں گی، اسکیم کے تحت درخواست دہندہ یا ان کے عزیز و رشتہ دار قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
مزید پڑھیں : پاکستانی حجاج کےلیے مختصر دورانیے کا حج متعارف کروانے کا اعلان
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستوں کیلئے 15 بینکوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، دسمبر 2024ء تک کارآمد شناختی کارڈ پر حج درخواستیں جمع کروائی جاسکیں گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے رواں سال حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی کی ہے جبکہ وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اس میں مزید کمی کیلئے بھی کوشش کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کمی کردی، مزید بھی سستا کیا جائے گا۔ انہوں نے 2024ء میں اسکردو سے بھی حج فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔