محفوظ بسنت کو یقینی بنانے کے لیے لاہور کی 10 تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں 10 کوئیک رسپانس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
کمشنر لاہور مریم خان کاکہنا ہےکہ ہرکوئیک رسپانس ٹیم میں 13 مختلف محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے،اسسٹنٹ کمشنرز عمارتوں اور چھتوں کے محفوظ یا غیرمحفوظ ہونے سےمتعلق باقاعدہ سرٹیفکیٹس جمع کرائیں گے۔
انہوں نےبتایا کہ ایکسیئنز، ایل ڈی اے اوروالڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے روف ٹاپس کا سروے کیا جائے گا اورسیفٹی سےمتعلق سرٹیفکیٹس جمع کرائےجائیں گے،کوئیک رسپانس ٹیمیں دو دن کے اندرخستہ حال عمارتوں اور چھتوں کی شناخت اور انسپکشن مکمل کریں گی۔
کمشنرلاہور کےمطابق سروے کی گئی عمارتوں اورچھتوں پر نوٹس آویزاں کیا جائے گا جبکہ ٹیمیں رہائشیوں سے بیانِ حلفی بھی حاصل کریں گی،ہرکوئیک رسپانس ٹیم انسانی جان کےتحفظ کے لیےعمارتوں اور چھتوں پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
ٹیمیں الیکٹرک سیفٹی، گرڈ اسٹیشنز کی نیٹنگ اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گی۔ اس کے علاوہ یونین کونسل سطح پر ٹیموں کے ساتھ مل کر مین ہولز اور پاتھ ہولز کی مرمت بھی کی جائے گی۔
پتنگ بازی کے لیےچھتوں کی رجسٹریشن کو بھی چیک کیاجائےگا تاکہ بسنت کے موقع پرکسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے






















