امریکا میں شدید برفباری نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ مختلف ریاستوں میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں اموات کی تعداد 65ہو گئی، جبکہ لاکھوں افراد شدید سردی اور بجلی کی بندش سے متاثر ہیں۔
امریکا کے مشرقی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے،جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔شکاگو میں درجہ حرارت منفی چودہ جبکہ کلیولینڈ میں منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ٹینیسی اورمسی سیپی میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے،جس کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں اور ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا ہے،شدید خراب موسم کے باعث ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں،جبکہ متعدد شہروں میں پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
حکام کے مطابق خراب موسم کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔




















