امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خطرات نہ ٹل سکے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئیووا میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ ایک شاندار بحری بیڑا ایران کی جانب بڑھ رہا ہے۔ امید ہے ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرے گا۔ کہا ایران ایٹمی ہتھیار بنانے سے ایک ماہ کی دوری پر تھا، گزشتہ سال جون میں ان کا ایٹمی پروگرام تباہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کا جوہری طاقت سے چلنے والا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن عمان کے قریب پہنچ گیا۔ طیارہ بردار جہاز میں 6 ہزار اہلکاراور 70لڑاکا طیاروں کی گنجائش ہے، آخری بار یہ جہاز 2002 میں عراق جنگ کیلئے خلیج فارس آیا تھا۔
ایران نے بھی ممکنہ جنگ کی تیاریاں شروع کردی، پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں کا اعلان کردیا۔ ایران نے خبردار کیا کہ امریکی جہاز ہماری حدود میں آئے تو حملہ کر دیں گے۔
سوشل میڈیا پر صدر ٹرمپ نے عراق کو بھی دھمکی لگادی کہا عراق میں نور المالکی کو وزیراعظم منتخب کیا گیا تو امریکا عراق کی امداد بند کردے گا۔ پھر وہ ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔





















