امریکا کی مسلم ڈیموکریٹ رکن کانگریس الہان عمر پر منیاپولس ٹاؤن ہال میں تقریر کے دوران ایک شخص نے مائع اسپرے کر دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب الہان عمر امیگرینٹس قوانین پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور حکومت پر تنقید کر رہی تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اسپرے کیے جانے کے بعد الہان عمر شہری کی جانب دوڑیں، تاہم سیکیورٹی گارڈز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور شخص کو قابو کر کے ٹاؤن ہال سے باہر نکال دیا۔
الہان عمراس واقعے میں محفوظ رہیں اور کچھ دیر کےوقفے کے بعد اپنی تقریر دوبارہ جاری رکھی۔ حکام کی جانب سے تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ الہان عمر پر کون سا مائع اسپرے کیا گیا تھا,واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
تقریر کے دوران الہان عمر نے امیگرینٹس قوانین پر سیکرٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ حملہ آور سے تفتیش جاری ہے۔





















